اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت کے معروف اداکار سلمان خان کے خلاف احتجاج کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا ہے، ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق ایک فلم میں بھارتی اداکار سلمان خان نے پاکستان کا پرچم لہرایا، جس کے بعد ان پر شدید تنقید کا سلسلہ شروع ہوا اور بعد ازاں یہ احتجاج کی شکل اختیار کر گیا، سلمان خان کو فلم میں پاکستانی پرچم لہرانا مہنگا پڑ گیا، اس فلم کے پروڈیوسرکا خیال تھا کہ اس منظر کو واہگہ بارڈر پر عکس بند کیا
جائے لیکن اس کی اجازت نہ ملنے کی وجہ سے پنجاب کے شہر لدھیانہ میں واہگہ بارڈر سے ملتا جلتا سیٹ بنا کر سین فلم بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا، فلم کی شوٹنگ بھی ہو گئی مگر سلمان خان کو انتہا پسند ہندوؤں کی طرف سے مسلسل دھمکیاں مل رہی ہیں، بھارت میں ان کے لیے یہ صورتحال انتہائی پریشان کن ہے اور ان کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے جس میں ان کے پوسٹرز اور پتلے نذر آتش کیے گئے۔یہ ہنگامے رکنے کا نام نہیں لے رہے ہیں۔