اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ وہ اپنے صاحبزادے علی خان ترین کو سیاست میں فی الحال داخل نہیں کرینگے۔ علی خان ترین کی اپنی نا اہلی کے بعد لودھراں کے ضمنی الیکشن میں انٹری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ میں نے اس وقت علی خان کے ساتھ زیادتی کی کیونکہ وہ اس وقت پڑھ رہے تھے اور میں نے انہیں سیاست میں ڈال دیا۔ میرے خاندان نے بیٹھ کر اس معاملے پر ڈسکس کرنے کے بعد
فیصلہ کیا ہے کہ فی الحال علی خان ترین سیاست میں نہیں آئیں گے ۔ وہ اپنی پڑھائی مکمل کرنے کے بعد تجربہ حاصل کرینگے اور جو ان کے شوق ہیں یا وہ کرنا چاہتے ہیں کرینگے، بہت زندگی پڑی ہے ، جب انہوں نے سمجھا کہ اب وقت ہے تو وہ سیاست میں نظر آئینگے۔ جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ میں نے اور لودھراں میں بہت محنت کی ہے اور یہی وجہ ہے کہ حالیہ الیکشن میں ہمارا ایک ایم این اے اور دو ایم پی اے جیتے۔ لوگ میری محنت کی وجہ سے مجھے عزت دیتے ہیں ۔ میں تحریک انصاف کیلئے مزید کردار ادا کرتا رہوں گا۔