اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)سپریم کورٹ نے معروف اینکر اور پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین پر توہین عدالت کی فرد جرم عائد کر دی۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان میں ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کے خلاف توہین عدالت کیس جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں بنچ نے کی۔ دوران سماعت جسٹس اعجاز الاحسن نے ڈپٹی اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ آپ نے فرد جرم تیار کی؟جس پرعامر لیاقت کے وکیل نے کہا کہ میرے مؤکل عدالت سے غیر مشروط مانگنے کیلئے تیار ہیں
جس پر جسٹس اعجاز الاحسن کا کہنا تھا کہ معافی کا وقت گزر چکا جس کے بعد ڈاکٹر عامر لیاقت حسین پر آرٹیکل 204/3 کے تحت فرد جُرم عائد کر دی گئی۔ واضح رہے کہ فرد جرم عائد ہونے کے بعد عامر لیاقت پر نا اہلی کی تلوار بھی لٹکنا شروع ہو گئی ہے جبکہ ان کی گرفتاری کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔خیال رہے کہ سپریم کورٹ دانیال عزیز، طلال چوہدری اور نہال ہاشمی کو توہین عدالت کیس میں نا اہل قرار دے چکی ہے جبکہ نہال ہاشمی کو قید کی سزا کا بھی سامنا کرنا پڑا تھا۔