روم (وائس آف ایشیا) آسیہ مسیح کو پاکستان سے باہر منتقل کرنے کے لیے اٹلی اور کینیڈا کے ٹی وی چینل میدان میں آگئے ہیں اور سپانسر کرنے کی پیشکش بھی کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق اٹلی کا کہنا ہے کہ وہ آسیہ مسیح کو پاکستان سے باہر منتقل کرنے میں مدد کرے گا کیونکہ وہاں اس کی زندگی خطرے میں ہے۔
اطالوی ریڈیو سے گفتگو کرتے ہوئے اٹلی کے نائب وزیراعظم ماٹیو سالوینی نے کہا کہ ہم آسیہ مسیح اور ان کے بچوں کا اٹلی میں یا کسی بھی یورپی ملک میں محفوظ مستقبل چاہتے ہیں۔اس سلسلے میں ہم سے جو ہو سکا ہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔ اس کیس پر اٹلی اور دیگر مغربی ممالک کے ساتھ محتاط رہتے ہوئے کام بھی کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اٹلی پاکستانی حکومت کے خلاف نہیں ہے۔اصل دشمن تشدد، انتہا پسندی اور تعصب ہے۔ اٹلی کے نائب وزیراعظم نے کہا کہ ہم 2018ء میں رہ رہے ہیں اور یہ نہیں ہو سکتا کہ کسی مفروضے کے تحت کسی بے گناہ کی جان لے لی جائے۔ادھر کینیڈا کے ممتاز بین المذاہب ٹی وی نے آسیہ مسیح کو سپانسر کرنے کی پیشکش بھی کر دی ہے۔ ٹی وی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اولورنا ڈیوک نے وزیراعظم جسٹن ٹروڈیو اور وزیر خارجہ کے نام خطوط ارسال کیے جس میں زور دیا گیا کہ وہ آسیہ مسیح کا کینیڈا میں خیر مقدم کریں۔ ان کا ٹی وی آسیہ مسیح کے خاندان کو کینیڈا میں مکمل طور پر سپانسر کرے گا۔وزیراعظم آفس کی جانب سے بھی ٹی وی کے مالک کا خط ملنے کی تصدیق کر دی گئی ہے۔