کراچی(سی پی پی ) ہنگاموں، خلاف قانون اجتماع اور ریلیوں سے نبرد آزما ہونے کے لیے کراچی پولیس بھی بین الاقوامی طرز پر تیار ہوگئی جس کے لئے انسداد فسادات فورس تشکیل دی گئی ہے۔اینٹی رائٹس فورس کا قیام زونل سطح پر کیا گیا ہے جس کی نفری زونل ڈی آئی جیز کے ماتحت ہوگی۔
شہر میں کسی بھی جگہ پر ہنگامی صورتحال کے پیش نظر یہ فورس حسبِ ضرورت طلب اور تعینات کی جائے گی۔اینٹی رائٹس فورس کی تعارفی تقریب گارڈن پولیس ہیڈکوارٹر میں منعقد ہوئی، جس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ نے فورس سے خطاب کیا، تقریب میں ڈی آئی جی ایسٹ عامر فاروقی ضلعی ایس ایس پیز، ایس ایس پی ہیڈ کوارٹر اور افسران نے شرکت کی۔ کراچی پولیس چیف نے افسران و ملازمین کو ان کی ذمہ داریوں اور فورس کی افادیت سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ انسداد فسادات فورس کی ابتدائی نفری 357 اہلکاروں پر مشتمل ہے جسے جلد ایک ہزار سے زائد اہلکاروں تک لے جایا جائے گا۔ ایڈیشنل تینوں زون کے 150 جوانوں کو بین الاقوامی طرز پر گیس ماسک سمیت تمام ضروری ساز و سامان سے لیس کردیا گیا ہے۔ عام طور پر انسداد فسادات فورس کے اہلکار کے پاس اسلحہ نہیں ہوتا اور وہ مظاہرین کے ڈنڈوں اور پتھروں سے بچا کے آلات سے لیس ہوتے ہیں۔انسداد فسادات فورس کراچی میں ہنگاموں مجمع خلاف قانون، ریلیوں اور احتجاج کو روکنے کے لیے استعمال کی جائے گی۔ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ کے مطابق اینٹی رائٹس فورس کے جوانوں کو احتجاج اور ریلیوں کے دوران حکمت عملی سے نمٹنے کی باقاعدہ ٹریننگ دی جا رہی ہے۔