اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) 9 نومبر بروز جمعہ اقبال ڈے پر عام تعطیل کے حوالے سے حکومت نے اہم اعلان کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ نے 9نومبر بروز جمعہ اقبال ڈے پر عام تعطیل کے حوالے سے وضاحتی بیان جاری کر دیا ہے ۔ترجمان وزارت داخلہ کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزارت داخلہ کی جانب سے 9 نومبر کو عام تعطیل کا کوئی نوٹی فکیشن جاری نہیں ہوا۔ 9 نومبر کو عام تعطیل کا نوٹی فکیشن جاری ہونے کی خبریں بے بنیاد ہیں۔دوسری جانب 9 نومبر کو عام تعطیل کی بحالی سے
متعلق قرارداد ایوان میں پیش کی گئی۔ قرارداد لیگی رکن نثار چیمہ نےپیش کی جس کی احسن اقبال نے مخالفت کر دی۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ایک روز کی چھٹی سے اربوں روپے کا نقصان ہوتا ہے۔ حکومتی اراکین نے بھی اس قرارداد کی مخالفت کی۔ وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ چھٹی کے بجائے کاروبار مملکت چلنے سے ملک کا فائدہ ہو گا جبکہ شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ سکولوں میں بچوں کو فلسفہ اقبال بتایا جائے نہ کہ چھٹی کی جائے۔ نثار چیمہ کا کہنا تھا کہ پھر یہ لاجک قائد ڈے پر لاگو کیوں نہیں کی جاتی ۔