اسلام آباد (این این آئی) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے تین روزہ دھرنے کی آڑ میں شرپسندی پھیلانے اور نجی املاک کو نقصان پہنچانے والے افراد کیخلاف 102 سے زائد ایف آئی آرز درج کر کے12 افراد کو گرفتار جبکہ 19 افراد کے وارنٹ جاری کر دیئے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے شر انگیزی پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کے حکومتی فیصلہ کے بعد اب تک 32 افراد کی نشاندہی کی ہے جبکہ 500 سے زائد افراد کی نشاندہی
ہونا باقی ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے اس حوالہ سے پہلے روز 100 سے زائد شرپسندوں کے خلاف توڑ پھوڑ اور نجی املاک کو نذر آتش کرنے کے واقعات میں ایف آئی آرز درج کی ہیں جبکہ گذشتہ روز 2 مزید ایف آئی آرز درج لی گئی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ دھرنے کی آڑ میں شرپسند پھیلانے والوں کی شناخت میں مدد کریں اور اس حوالہ سے اگر ان کے پاس کوئی تصاویر یا ویڈیوز موجود ہوں تو انہیں ضلعی انتظامیہ کے آفیشل واٹس ایپ نمبر 0335-9950236 پر ارسال کریں۔