اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)صدر مملکت عارف علوی کا کہنا ہے کہ شادی اور الیکشن سے پہلے کئے گئے وعدے ایک جیسے ہوتےہیں کچھ پورےہوجاتے ہیں اور کچھ رہ جاتے ہیں۔ یہ بات انہوں نے کراچی کے ایک مقامی ہوٹل میں ’مائی کراچی‘نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر صدر مملکت عارف علوی نے سوشل میڈیا پر ان کی ماضی کی ایک ویڈیو دکھائے جانے کا بھی ذکر کیا جس میں وہ پٹرول پمپ بند کروارہے تھے۔ عارف علوی کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا چائے خانہ بن چکا ہے ،
ماضی کے واقعات کو موجودہ حالات سے جوڑ دیا جاتا ہے۔ عارف علوی نے یہ بھی کہا کہ حکومت کاکام کاروبار کرنا نہیں بلکہ تجارت کی راہیں کھولنا اور راستوں کو ہموار کرنا ہے، تاجر برادری پاکستان کی ترقی کا اہم پہیہ ہیں مگر انفراسٹرکچر بہتر ہونے تک سرمایہ کار بھی گھبراہٹ کا شکار رہیں گے۔صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ترکی کی4 کمپنیوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کی ہے جبکہ البانیہ کے صدر نے سرمایہ کاری کے عوض یورپین مارکیٹوں کی رسائی کی پیشکش کی۔