ممبئی (آئی این پی) بالی ووڈ جہاں می ٹومہم زوروں پر ہے اس دوران اداکارعامرخان کی جانب سے بھی اعلان کردیا گیا ہے کہ وہ ہراسانی میں ملوث افراد کیساتھ کام نہیں کریں گے ۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ سپر سٹار عامر خان نے ایک ٹی وی پروگرام کے دوران بتایا کہ انہوں نے اور ان کی اہلیہ کرن نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ می ٹو مہم کے تحت سامنے آنے والے ناموں کے ساتھ ہم کام نہیں کریں گے اور ان سے کنارہ کشی اختیارکرلیں گے۔ اداکار نے کہا کہ خواتین سے ہراسانی صرف
فلم انڈسٹری تک محدود نہیں بلکہ یہ ان کی زندگی کے ساتھ ہے جو بہت بری اور دل دکھانے والی بات ہے۔ عامر خان نے کہا کہ ہراسانی میں ملوث افراد سے کنارہ کشی اختیار کرنا ہماری ذمہ داری ہے، لیکن میں یہ بھی سوچتا ہوں کہ غلط الزام سے کئی لوگوں کے کرئیربھی ختم ہوجائیں گے جو اپنی جگہ ایک غلط اقدام ہوگا۔ عامر خان نے کہا ہراسانی میں ملوث افراد کے نام جس طرح سامنے آرہے ہیں یہ پریشان کن بنتا جارہا ہے لیکن می ٹو مہم خواتین کی آوازبنی ہے جس کی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے۔