پشاور (آن لائن)پاک افغان لیزان کمیٹی کے اجلاس میں افغانستان حکومت سے طورخم بارڈر کے قریب خوڑ میدان میں ہزاروں کی تعداد میں کھڑے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے ٹرکوں اور خالی کنٹینرز کو فوری طور پر ریلیز کرنے اور اُن پرفی کنٹینر 50 ہزار روپے طلب کرنے کے اقدام کو ختم کرنے کا مطالبہ کیاگیا ہے جبکہ افغان حکومت سے خاک پلی ٗ محصولات ٗ اور ایکسپورٹ پر 15 فیصد ٹیکس کی وصولی فوری طور پر ختم کرنے کے مطالبات کئے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزارت تجارت کے زیر انتظام پاک افغان لیزان کمیٹی کا اجلاس گذشتہ روز ڈائریکٹر یٹ آف ٹرانزٹ ٹریڈ کے ڈائریکٹر اور لیزان کمیٹی کے چیئرمین راشد حبیب کی زیر صدارت منعقد ہوا ۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر ٹرانزٹ ٹریڈ امجد الرحمان ٗ ممبرپاک افغان لیزان کمیٹی ضیاء الحق سرحدی ٗ فاروق احمد ٗ افغان قونصلیٹ کے ایڈیشنل قونصل جنرل محمد ہاشم نیازے ٗ سیکنڈ سیکرٹری محمد نعیم سروری ٗ ٹریڈ کمشنر حامد فضل خیل ٗ ایڈیشنل کلکٹر کسٹمز طورخم فیض علی ٗ سپرنٹنڈنٹ ٹرانزٹ ٹریڈ طورخم الحاج گل ٗ این ایل سی کے سینئر منیجر طورخم لیفٹیننٹ کرنل افتخار شنواری ٗ ٹی ڈی اے پی کے اسسٹنٹ منیجر عامر خان ٗ ایف سی کے کیپٹن ارسلان شاہداور ٹرائبل ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن خیبر کے تحصیلدار شکیل الرحمان نے شرکت کی ۔ اجلاس میں پاک افغان لیزان کمیٹی کے ممبران ضیاء الحق سرحدی اور فاروق احمد نے بتایا کہ سرحد چیمبر کی کوششوں سے پاکستان اور افغانستان کے مابین باہمی تجارت کے فروغ کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کی غرض سے پشاورسے طورخم تک جگہ جگہ غیر آئینی اور غیر قانونی چیک پوسٹیں ختم کردی گئی ہیں جبکہ پی اے خیبر کا محکمہ اور راہداری پرمٹ بھی ختم کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ طورخم بارڈر کے قریب خوڑ میدان میں پھنسے ہوئے ٹرکوں اور کنٹینرز کی وجہ سے بانڈڈ کیریئر کے کرایے ڈیڑھ لاکھ سے بڑھ کر 4 لاکھ تک پہنچ گئے ہیں جس سے ٹرانزٹ ٹریڈ کا عمل بری طرح متاثر ہو رہا ہے ۔
انہوں نے افغانستان پاکستان ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ (APTTA)پر فوری نظرثانی کا مطالبہ بھی کیا ۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پاکستان کی جانب سے سرکاری وفد نے گذشتہ ماہ افغانستان کے صدر اشرف غنی سے ورکنگ گروپ کی ایک میٹنگ کے دوران افغانستان میں ملاقات کی جس میںیہ طے پایا کہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے نئے معاہدہ پر نظرثانی کی جائے گی اور امریکہ کی جانب سے ایران پر اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کے بعد اب 70فیصد افغان ٹرانزٹ ٹریڈ میں آنیوالے مال دوبارہ پاکستان کے راستے منتقل ہوجائیں گے۔
ضیاء الحق سرحدی نے ان اقدامات کا خیر مقدم کیا تاہم انہوں نے کہا کہ جب تک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے نئے معاہدہ پر نظرثانی کا عمل شروع نہیں ہوجاتا تب تک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ اور باہمی تجارت کو فروغ حاصل نہیں ہوسکتا لہٰذا حکومت پاکستان اور حکومت افغانستان اس معاہدہ پر نظرثانی کے لئے سنجیدگی کے ساتھ اقدامات اٹھائیں اور فوری طور پر اعلیٰ سطحی اجلاس بلا کر اس حوالے سے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے کاروبار سے وابستہ سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیکر ان کی باہمی مشاورت سے معاہدہ پر نظرثانی کی جائے ۔ ڈائریکٹر یٹ آف ٹرانزٹ ٹریڈ کے ڈائریکٹر اور لیزان کمیٹی کے چیئرمین راشد حبیب نے اجلاس کو بتایا کہ 16اور 17 نومبر 2018ء کو اسلام آباد میں پاک افغان ورکنگ گروپ کا اجلاس منعقد ہو رہا ہے جس میں ان تمام امور پر تبادلہ خیال کیاجائے گا ۔ انہوں نے لیزان کمیٹی کے ممبران سے درخواست کی کہ وہ اس حوالے سے اپنی تجاویز تیار کرکے انہیں پیش کریں تاکہ ان تجاویز اور سفارشات کو ورکنگ گروپ کے اجلاس میں پیش کرکے اُس پر اہم نوعیت کی گفتگو کی جائے اور اس حوالے سے مثبت نتائج سامنے لائے جاسکیں۔