ریاض (این این آئی)سعودیہ عرب کی جانب سے پاکستان کے لیے اعلان کردہ مالی امدادی پیکج میں سے 1 ارب ڈالر کی پہلی قسط کا حصول آئندہ ہفتے متوقع ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق رواں ماہ سعودیہ عرب کی جانب سے زرمبادلہ ذخائر کو سہارا دینے کے لیے 3 ارب ڈالر دینے کا اعلان کیا گیا تھا، یہ رقم پاکستان کو قسطوں میں دی جارہی ہے جس میں سے پہلی قسط آئندہ
ہفتے مل جانے کی امید ہے، اس کے علاوہ سعودیہ عرب پاکستان کو ہر سال اداھار پر تیل بھی دے گا جس کی مالیت 3 ارب ڈالرہے۔ماہرین کے مطابق سعودی عرب کی جانب دی جانے والی امداد سے بیرونی ادائیگیوں کے چیلنجز سے نمٹنے میں مدد ملے گی، برادر اسلامی ملک سے ڈالر آنے کے بعد گرتے ہوئے زرمبادلہ ذخائر کو سہارا ملے گا اور روپیہ بھی مستحکم ہوگا۔