لاہور(این این آئی) پاکستان میں بھارتی ڈراموں اور پروگراموں کی نمائش پر پابندی کے فیصلے سے بالی وڈ تاریخ کی مہنگی ترین فلم ’’ ٹھگز آف ہندوستان‘‘ کی نمائش پرخطرے کی گھنٹیاں بجنے لگی ہیں۔فلم ’’ ٹھگز آف ہندوستان‘‘ کی نمائش سے جہاں امپورٹر کے منافع بخش کاروبار کی توقعات کے پورے نہ ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے، وہیں سینما گھروں کو بھی بھاری مالی خسارے کا اندیشہ ہے۔ پاکستان میں بھارتی فلموں کی نمائش کے مخالف
حلقے زور دے رہے ہیں کہ سپریم کورٹ پاک سرزمین پر بھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی لگانے کے احکامات بھی جاری کرے۔دوسری جانب سینما منتظمین اور امپورٹرز چاہتے ہیں کہ فی الوقت بالی وڈ فلم پرکسی قسم کی پابندی عائد نہ ہو۔ اگر ایسا ہوا تو پھر سینما گھر ویران ہونگے کیونکہ پاکستانی فلموں کی بدولت سینما گھر چلانا ابھی ممکن نہیں۔ اس وقت پاکستانی فلم اور سینما انڈسٹری کی بحالی، بہتری اور فائدہ کیلئے امپورٹڈ فلموں کی نمائش ضروری ہے۔