اسلام آباد(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما نبیل گبول نے کہاہے کہ مجھے آئی ایم ایف کے پاس جانے کے حوالے سے عمران خان کے بیان کی سمجھ نہیں آرہی ٗڈالر کی قیمت بڑھنے کے پیچھے ایک بہت بڑی کہانی ہے جس کا اسد عمر اور وزراء کو پتہ ہے ،
کہانی کچھ دنوں میں سامنے آجائیگی ۔ایک انٹرویومیں نبیل گبول نے کہا کہ مجھے آئی ایم ایف کے پاس جانے کے حوالے سے عمران خان کے بیان کی سمجھ نہیں آرہی ، یہ وہ کام کریں جو یہ کر سکتے ہیں ،حکومت کے اقدامات دیکھ کر ایسا لگتاہے کہ ہم سٹیج ڈرامہ دیکھ رہے ہیں، ڈالر کی قیمت بڑھنے کے پیچھے ایک بہت بڑی کہانی ہے جس کا اسد عمر اور دیگر وزراء کو پتہ ہے ، یہ کہانی کچھ دنوں میں سامنے آجائیگی ، میں اس وقت یہ بتا کر قوم کو ڈرانا نہیں چاہتا۔ انہوں نے کہا کہ اسد عمر کی جانب سے عمران خان کوغلط مشورے دیئے جارہے ہیں۔ عمران خان آئی ایم ایف کے پاس جائیں لیکن عوام کوریلیف دیں۔ انہوں نے کہا کہ پرانا گند صاف کرنے کیلئے عمران خان کولایا گیاہے ، اب وہ کہتے ہیں کہ میں کیا کرسکتا ہوں تو انہوں نے جووعدے کئے تھے اب اگر وہ پورے نہیں ہوتے تو عمران خان پر آرٹیکل سکس لگ سکتاہے۔انہوں نے کہا کہ ایسا لگ رہا ہے کہ عمران خان کو پتہ چل گیاہے کہ میں حکومت نہیں چلا سکتا ، اس لئے وہ خود ہی حکومت کوختم کردیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کو وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نہیں چلارہے کہ بلکہ جو پنجاب کو چلا رہاہے اس کے بارے میں عمران خان جانتے ہیں۔ عمران خان کو اب سمجھنا چاہئے کہ جتنی عزت انہوں نے کمائی تھی اور اب جس طرح ان کوبدنام کیا جارہاہے میرا دل خون کے آنسو رو رہاہے کیونکہ عمران خان میرے دوست ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کوجولوگ لے کر آئے ہیں ان کا مقصد ہی یہی تھا کہ عمران خان کی بھی مصطفی کمال جیسی حالت کردی جائے۔