واشنگٹن(این این آئی)بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے نئی حکومت کے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کے اقدام کو درست قرار دیدیا۔پاکستان کے معاشی جائزے کے بعد آئی ایم ایف نے رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کو مالیاتی پالیسی مزید سخت اور شرح منافع بڑھانے کی ضرورت ہے۔آئی ایم ایف کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی روپے کی قدر میں مزید کمی کی ضرورت ہے کیونکہ بڑھتا ہوا خسارہ، کم ہوتی معاشی ترقی اور زرِ مبادلہ کے ذخائر بڑے چیلنجز ہیں۔ آئی ایم ایف کے مطابق پاکستان میں
معیشت کی بہتری کے لیے اٹھائے گئے اقدامات ناکافی ہیں تاہم پاکستان کو ٹیکس اصلاحات اور ٹیکس آمدن بڑھانے کی ضرورت ہے۔آئی ایم ایف نے سرکاری اداروں کے نقصانات کم کرنے، اسٹیٹ بینک کی خود مختاری مزید بڑھانے اور اینٹی منی لانڈرنگ قوانین کو مزید مستحکم بنانے کی تجویز بھی دی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ آئی ایم ایف کے وفد نے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات اسلام آباد میں ہوئے تھے جس کے دوران پاکستان کی معیشت کو درپیش چیلنجز کا جائزہ لیا گیا تھا۔