اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان اور بھارت ’’خاموش سفارتکاری سے ‘‘دونوں اطراف تعلقات کی دوبارہ بحالی میں مصروف ہیں،روزنامہ جنگ کے مطابق بھارتی ہائی کمشنر برائے پاکستان اجے بساریہ نے جمعرات کی شام کو ایک سفارتی ریسپشن میں بتایا کہ دونوں ملکوں کیلئے ہماری یہ مصروفیت ٹی وی کیمروں سے دور رہے گی۔انہوں نے بحالی کی امید ظاہر کی ہے اور کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت بالآخر مذاکرات پر
آجائیں گے لیکن اس کیلئے سازگار ماحول بنانا ہوگا۔واضح رہے کہ بھارت نے مذاکرات کے اعلان کے بعد دونوں وزرا خارجہ کے درمیان ہونے والی ملاقات کو منسوخ کردیا تھا۔اقوام متحدہ کے اجلاس کے دوران بھی دونوں ممالک کے درمیان کوئی بریک تھرو سامنے نہیں آسکا تھا بلکہ بھارت نے پاکستان کیخلاف ہرزہ سرائی کرتے ہوئے مذاکرات منسوخ ہونے کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہرایا تھا۔