اسلام آباد(نیوز ڈیسک) آپ نے اکثر میاں بیوی کے درمیان علیحدگی یا طلاق کی وجوہات لڑائی جھگڑے اور دیگر گھریلو ناچاقی ہی سنی ہوگی لیکن بھارت میں بیوی نے انوکھے مسئلے پر شوہر سے طلاق لے لی جسے جان کر آپ بھی حیران رہ جائیں گے۔بھارتی ریاست بہار کے گاؤں پہارپور کی رہائشی خاتون سونیتا دیوی نے پنچائیت کے سامنے اپنے شوہر سے طلاق لے کر سب کو حیران کردیا۔ خاتون کا کہنا تھا کہ اس نے بارہا اپنے شوہر سے گھر میں بیت الخلا بنوانے کا مطالبہ کیا لیکن وہ ہر بار اسے نظر انداز کرتا رہا اوروہ اب کھلی جگہ یا کھیت وغیرہ میں جاکر حاجت پوری کرنے سے تنگ آچکی ہے جس کےباعث اسے کئی بار بے عزتی کا سامنا بھی کرنا پڑا لہٰذا اب وہ مزید اپنے شوہر کے ساتھ زندگی نہیں گزار سکتی۔سونیتا دیوی کے مطابق وہ گزشتہ 4 سال سے کئی بار اپنے شوہر سے گھر میں بیت الخلا بنوانے کا مطالبہ کرچکی تھی لیکن شوہر کی جانب سے اس بات پر کوئی توجہ نہیں دی گئی جس کےبعد اس کے پاس طلاق کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا۔واضح رہے کہ بہار کی کل آبادی 10 کروڑ 50 لاکھ ہے جس میں سے 2 کروڑ 19 لاکھ افراد بیت الخلا جیسی بنیادی سہولت سے محروم ہیں۔