لاہور ( این این آئی) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کے استعفیٰ کے بعد خالی ہونیوالی سینیٹ کی نشست پر انتخاب کل (بدھ ) پنجاب اسمبلی میں ہو گا ۔ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے خواجہ احمد حسان اور تحریک انصاف کے ڈاکٹر شہزاد سلیم کے درمیان انتہائی دلچسپ مقابلے کی توقع ہے ۔دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی نے (ن) لیگ کے امیدوار کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے ۔ (ن) لیگ کے رابطہ کرنے کے بعد پارٹی قیادت نے فیصلہ کر کے
صوبائی پارلیمانی پارٹی کو آگاہ کر دیا۔ اس حوالے سے پیپلز پارٹی کے پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر حسن مرتضیٰ کا کہنا ہے کہ ۰ن) لیگ صدر شہباز شریف نے ہماری قیادت سے رابطہ کر کے حمایت مانگی تھی، پارٹی قیادت نے (ن) لیگ کے امیدوار کو ووٹ دینے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت میں آنے کے بعد فاشسٹ جماعت بن کر سامنے آئی ہے،پیپلز پارٹی کسی فاشسٹ جماعت کے امیدوار کو ووٹ نہیں دے سکتی ۔