اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ نے آئندہ 3سال کے دوران توانائی بحران پر قابو پانے کا عندیہ دےدیا۔ بجلی کی بچت اور روشن پاکستان کے اجراءکی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کو فروغ دیکر شمسی توانائی سے بجلی کا حصول عالمی معیار کے مطابق بنائینگے، اگلے تین سال کے دوران توانائی بحران پر قابو پا لیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے معاشی استحکام کےلئے اہم اقدامات کئے ہیں،عالمی مالیاتی ادارے بھی پاکستان میں معاشی استحکام کا اعتراف کر رہے ہیں۔ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ معیشت اور امن و امان کیلئے واضح ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں،20 ماہ سے پاکستان عالمی سرمایہ کاروں کی توجہ کا مرکز ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی سال سے توانائی کے شعبے کو نظرانداز کیا گیا، ملک کو توانائی بحران سے نجات دلانے کیلئے محنت کرنی ہو گی، دہائیوں سے بجلی کی پیداوار میں قابل قدر اضافہ نہیں ہوا، توانائی اور بجلی کا معیار عالمی سطح کا بنایا جائےگا۔