دریاخان(آئی این پی) چیئرمین متحدہ محاذ اساتذہ پاکستان و صدر مرکزیہ پنجاب ٹیچرز یونین پنجاب حافظ غلام محی الدین نے کہا ہے کہ اساتذہ نادرا کے افسران کی آرٹی ایس کے بارے وضاحت مسترد کرتے ہیں، نادرا اپنی نا اہلی کا ملبہ پریزائڈنگ آفیسرز اساتذہ پر ڈال کر اپنے آپ کو بچانا چاہتا ہے جو حقائق کے برعکس اور نا قابل قبول ہے۔بدھ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں رواج پر گیا ہے کہ ہر کوئی اپنی غلطی دوسروں پر ڈال کر خود بری الزمہ ہو جاتا ہے
لیکن ہم نادرا کو اپنی نااہلی کا ملبہ اساتذہ پر نہیں ڈالنے دیں گے۔ نادرا کے آفسران نے جنرل الیکشن 2018 میں آرٹی ایس کے بارے میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کو جو وضاحت جاری کی ہے وہ ناقابل قبول ہے۔ پاکستان بھر میں الیکشن میں پریزائڈنگ و اسسٹنٹ پریزائڈنگ آفیسر ز کی اکثریت اساتذہ پر مشتمل تھی۔الیکشن پراسیس کے دوران اور بعد میں ہمارا باہمی رابطہ رہا ہے۔ اس بنیاد پر ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ نادرا اپنی نا اہلی کا ملبہ پریزائڈنگ آفیسرز پر ڈال کر اپنے آپ کو بری کرنا چاہتا ہے جو حقائق کے برعکس اور نا قابل قبول ہے۔ الیکشن سے قبل نادرا کے نمائندہ نے آراوز کے پاس بیٹھ کر سو فیصد یقین دہانی حاصل کی تھی کہ سب پریزائڈنگ آفیسرز کے پاس اینڈرائڈ فون اور انٹرنیٹ کی سہولت موجود ہے۔ جن کے پاس مطلوبہ معیارکے فون نہیں تھے انہوں نے نئے فون خریدے ۔ دلچسپ امر ہے کہ نادرا کا نمائندہ آراوز کے پاس بیٹھ کر خود فون میں آرٹی ایس ایپلیکیشن لوڈ کرکے دے رہا تھا جس میں پرابلم آرہے تھے۔ ایک ایک حلقہ میں تین سے پانچ دن ایپلیکیشن لوڈ کرنے میں لگے۔ اس وقت بھی محسوس ہورہا تھا کہ سسٹم درست طور پر کام نہیں کرپائے گا۔ پریزائڈنگ آفیسرز سے گواہیا ں لی جاسکتی ہیں ۔ ہم اساتذہ نادرا کی وضاحت مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کرتے ہیں کہ آرٹی ایس پر مکمل اور جامع تحقیقات کروائی جائیں۔