کراچی (نیوزڈیسک )کراچی میں سابق وزیر داخلہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا پر پولیس افسران کو دھمکیاں دینے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ رواں ہفتے ان پر دائر ہونے والا یہ چھٹا مقدمہ ہے۔یہ مقدمہ آرام باغ تھانے پر ایس ایچ او عالم ڈاہری کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، جس میں ڈاکٹر ذوالفقار مرزا اور ان کے وکیل اشرف سموں پر ہنگامہ آرائی، فرائض انجام دینے میں رکاوٹ ڈالنے، اور افسران کو دھمکیاں دینے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔درخواست گزار کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا عدالت میں پیشی کے وقت زبردستی بکتر بند گاڑی پر چڑھ گئے اور اس موقعے پر پولیس اہلکاروں کو دھمکیاں دیں۔یاد رہے کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت سے تین مقدمات میں ضمانت کے بعد ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے پولیس کی بکتر بند گاڑی پر سوار ہوکر تقریر کی جس میں انھوں نے صوبائی حکومت اور پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کو ہدفِ تنقید بنایا۔اس سے پہلے پیر کی صبح سندھ ہائی کورٹ میں پاکستان کے صوبہ سندھ میں پولیس کے سربراہ غلام حیدر جمالی نے سابق صوبائی وزیر داخلہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا پر نجی آرمی بنانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس ممنوعہ بور سے لیس کئی سو مسلح لوگ موجود ہیں۔