لندن: (نیوز ڈیسک) برطانیہ میں وزیر بننے والے پاکستانی بس ڈرائیور کے بیٹے ساجد جاوید ک اان دنوں برطانوی میڈیا میں خوب چرچا ہے۔ ساجد جاوید کی نمایاں خصوصیت ان کا برطانیہ کے عام تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرنا اور اس کے باوجود برطانوی سیاسی دھارے میں نمایاں مقام حاصل کرنا ہے۔ لنکا شائر میں پیدا ہونے والے ساجد جاوید کے والد جاوید ایک بس ڈرائیور تھے۔ بیس سال کی عمر میں ساجد جاوید نے کنزرویٹو پارٹی کے پہلے اجلاس میں شرکت کی اور اپنی قائدانہ صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا۔ پچیس سال کی عمر میں انہوں نے ایک امریکی بینک میں ملازمت اختیار کی اور اس کی تاریخ کے کم عمر ترین نائب صدر بنے۔ 2010 کے عام انتخابات میں انہوں نے فتح حاصل کی اور کنزرویٹو پارٹی کی جانب سے پہلے پاکستانی نژاد رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئے۔ سیاسی ویژن سے مالا مال ساجد جاوید کو 2010 سے 2015 تک مختلف وزارتوں پر کام کرنے کا موقع ملا۔ 2012 میں وزیر اقتصادیات جبکہ 2013 میں وزارت خزانہ کے سیکرٹری مالیات رہے۔ 2014 میں انہوں نے Minister for Equalities کے طور پر فرائض سرانجام دئیے وہ 2014 سے 2015 تک برطانیہ کے وزیر ثقافت میڈیا اور کھیل رہ چکے ہیں۔ ساجد جاوید برطانیہ جا کر بھی انگریزی نہ سیکھنے والے تارکین وطن کو تنقید کا نشانہ بناتے رہتے ہیں۔