اسلام آباد(آن لائن) وزیراعظم عمران خان نے بجلی کی چوری اور گردشی قرضوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کی چوری اور توانائی کی صورتحال کرپشن اور بیڈ گورننس کا نتیجہ ہے۔ بجلی کی چوری روکنے کے لئے ٹاسک فورس بنانے کی ہدایت کر دی۔ بدھ کے روز عمران خان کی زیر صدارت پاور سیکٹر کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا سیکرٹری پاور ڈویژن نے وزیراعظم کو لائن لاسز اور گردشی قرضوں پر بریفنگ دی اور کہا کہ اس وقت1.18ٹریلین کے گردشی قرضے ہیں ۔
وزیراعظم کو بجلی کی ٹرانسمیشن اور تقسیم سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر عمران خان نے بجلی کی چوری اور گردشی قرضوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ بد عنوانی اور غلط پالیسیوں کی وجہ سے بجلی کا شعبہ بحران کا شکار ہوا توانائی کی صورتحال کرپشن اور بیڈ گورننس کا نتیجہ ہے۔ عوام میں بجلی چوری روکنے کے لئے مہم چلائی جائے گی وزیراعظم نے بجلی کی چوری روکنے کے لئے ٹاسک فورس بنانے کی ہدایت کی۔