اسلام آباد (آن لائن)پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ صدارتی امیدوار کے لئے اعتزاز احسن کا نام فواد چوہدری نے دیا تھا جب پیپلز پارٹی نے اعتزاز احسن کا نام منظور کیا تو پی ٹی آئی نے یو ٹرن لے لیا۔ بدھ کو اپنے بیان میں خورشید شاہ نے کہا کہ صدارتی امیدوار کے لئے اعتزاز احسن کا نام پی ٹی آئی نے دیا تھا، فواد چوہدری مشترکہ امیدوار لے کر آئے۔
فواد چوہدری سے ملاقات میں راجہ پرویز اشرف بھی موجود تھے، فواد چوہدری نے کہا کہ مشترکہ صدارتی امیدوار لاتے ہیں۔ پیپلز پارٹی نے اعتزاز احسن کا نام صدارتی امیدوار کے لئے منظور کیا تو پی ٹی آئی نے یو ٹرن لے لیا۔نجی ٹی وی کے مطابق قائد ایوان کے انتخاب کے روز فواد چوہدری کی خورشید شاہ اور راجہ پرویز اشرف سے ملاقات ہوئی جس میں فواد چوہدری نے مشترکہ غیر متنازعہ اور صدر کے شایان شان امیدوار لانے کی تجویز دی جس پر خورشید شاہ نے کہا کہ آپ کی تجویز بہت اچھی ہے ۔ آپ کوئی نام دیں ہم اس پر بات کر لیتے ہیں ۔ تو فواد چوہدری نے اعتزاز احسن کا نام پیش کر دیا جس کے بعد خورشید شاہ نے یہ تجویز آصف زرداری کے سامنے رکھی اور پھر خورشید شاہ ، آصف زرداری اور اعتزاز احسن کی ایک گھنٹہ ملاقات ہوئی جس میں اعتزاز احسن نے کہا کہ وہ صرف ایک شرط پر امیدوار بننے کو تیار ہیں کہ نہ وہ کاغذ واپس لیں گے اور نہ ہی صدارتی انتخابات سے دستبردار ہوں گے۔ جس پر آصف علی زرداری نے ان کے نام کی منظوری دی تاہم بعد میں پاکستان تحریک انصاف نے عارف علوی کا نام تجویز کر دیا۔