لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز نے حلقہ این اے 124 سے عام انتخابات میں فتح حاصل کی تھی لیکن انہوں نے اپنی صوبائی نشست برقرار رکھی اور قومی اسمبلی کی نشست چھوڑ دی، جس پر حلقہ این اے 124 میں ضمنی انتخاب پر شریف برادران میں
اختلافات سامنے آ گئے ہیں، ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق سابق وزیراعظم میاں نواز شریف حلقہ این اے 124 سے شاہد خاقان عباسی یا عابد شیر علی کو میدان میں اتارنا چاہتے ہیں لیکن ن لیگ کے صدر شہباز شریف اس حلقے کا ٹکٹ اپنے بیٹے سلمان شہباز کو دینا چاہتے ہیں۔ نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق میاں شہباز شریف سمجھتے ہیں کہ ان کے بیٹے حمزہ شہباز نے یہ نشست چھوڑی ہے اس لیے ان کے بھائی سلمان شہباز کو اس نشست کے لیے ٹکٹ دینا چاہیے لیکن میاں نواز شریف نے حلقہ این اے 124 کے حوالے سے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو ٹکٹ دینے کی بات کی ہوئی ہے، اس سلسلے میں شہباز شریف کا کہنا ہے کہ اگر شاہد خاقان عباسی مری سے آ کر لاہور میں انتخاب لڑتے ہیں تو ن لیگ کے لیے بڑی مشکل ہو گی، ان کا کہنا ہے کہ یہاں سے مقامی شخص کو ہی انتخاب لڑنا چاہیے جبکہ میاں نواز شریف کا کہنا ہے کہ اگر شاہد خاقان عباسی کو ٹکٹ نہیں دیا جاتا تو پھر حلقہ این اے 124 کا ٹکٹ عابد شیر علی کو دیا جائے لیکن ابھی تک اس حوالے سے کچھ طے نہیں ہو سکا ہے۔