اسلام آباد(نیو زڈیسک) رحیم یار خان میں کچے کے علاقے میں پولیس نے ہیلی کاپٹر سے فضائی آپریشن کرتے ہوئے چھوٹو گروپ کے ایک انتہائی مطلوب ڈاکو کو ہلاک کر دیا ہے اور آپریشن میں متعدد ڈاکو زخمی ہو گئے ہیں۔ ڈاکوﺅں کی تین کمینگاہوں کو بھی تباہ کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز پولیس نے رحیم یار خان کے علاقے کچے میں ڈاکوﺅں کے خلاف صفائی آپریشن کیا جس میں چھوٹو گروپ کا ایک انتہائی مطلوب ڈاکو مارا گیا اور اس کے متعدد ڈاکو ساتھی کارروائی میں زخمی ہو گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق فضائی کارروائی کے دوران ڈاکوﺅں کے تین ٹھکانوں کو بھی تباہ کر دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا تھا کہ آپریشن کے دوران ڈاکوﺅں نے جدید اسلحے کا استعمال کیا اور پولیس کے ہیلی کاپٹر کا شدید فائرنگ کی ہے جس کے بعد ڈاکوﺅں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی گی اور ان کو اپنے ٹھکانے چھوڑنے پر مجبور کر دیا گیا۔ پولیس کے افسران کا مزید کہنا تھا کہ کچے میں آخری ڈاکو کے خاتمے تک ان کے خلاف آپریشن جاری رہے گا اور پورے علاقے کو جلد ڈاکوﺅں سے آزاد کر لیا جائے گا۔