اسلام آباد(سی پی پی)وفاقی وزیرتعلیم نے کسی بھی تاخیر کے بغیر نیشنل ایجوکیشن پالیسی لانچنگ کا اعلان کر دیا۔نیشنل ایجوکیشن پالیسی لانچنگ کا اعلان کرتے ہوئے وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود کاکہنا تھا کہ پڑھے لکھے پاکستان کے لئے تمام اقدامات کریں گے،جس تعلیمی معیارکو ہم نہیں اپنا سکے اب اپنائیں گے،بہترین پالیسیاں بنانا ہماری ذمہ داری ہے،آئین پاکستان کے تحت بچوں کوتعلیم سے روشناس کروائیں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ وزارت میں تمام خالی آسامیوں پر میرٹ پر
بھرتیاں ہوں گی،تمام اداروں کو اپنی مکمل حمایت کی یقین دہانی کراؤں گا،اگلے ماہ سے وزارت کے ماتحت تمام تعلیمی اداروں کا دورہ کروں گا،صوبوں کی مشاورت سے تعلیم کے شعبے میں کام کریں گے۔ گلگت بلتستان اور کشمیر میں خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم کا مزید کہنا تھا کہ کروڑوں بچوں کا سکولوں سے باہر ہونا لمحہ فکریہ ہے، موجودہ دورمیں اسکل ڈیولپمنٹ ایک اہم جزو ہے،کوشش کریں گے زیادہ سے زیادہ بچوں کو اسکولوں میں داخلے ملیں۔