اسلام آباد (نیوزڈیسک)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان 2018ءسے پہلے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت گرانا چاہتے ہیں،کامیاب نہیں ہونگے ، انتخابی اصلاحات صرف پارلیمنٹ کے ذریعے ہی آسکتی ہیں، دھرنوں اور طاقت کے استعمال سے انتخابی اصلاحات نہیں آسکتیں الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنا میرا آئینی و قانونی حق ہے ۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) پی ٹی آئی کو نظام میں رکھنے کی خواہاں ہے اور یہی وجہ ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار جوڈیشل کمیشن کے قیام کو یقینی بنایا گیا۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہاکہ انتخابی اصلاحات صرف پارلیمنٹ کے ذریعے ہی آسکتی ہیں بلاوجہ کے دھرنوں اور طاقت کے استعمال سے انتخابی اصلاحات نہیں آسکتیں۔ ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنا میرا آئینی و قانونی حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب انہوں نے ریلوے کا نظام سنبھالا تو ہر طرف کرپشن تھی لیکن اب صورتحال مکمل بدل چکی ہے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ریلوے کے نظام کی بہتری کیلئے انہوں نے ایماندار اور محنتی افراد کو بھرتی کیا اور ذمہ داریاں سونپیں جس کے نتائج سب کے سامنے ہیں۔