لاہور(نیوزڈیسک) سابق سینیٹر رفیق رجوانہ نے بطور پنجاب گورنر عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ حلف برداری کی تقریب گورنر ہاوس میں ہوئی جس میں وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے بھی شرکت کی۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے گورنر پنجاب رفیق رجوانہ سے حلف لیا۔رفیق رجوانہ بنیادی طور پر قانون دان اور سپریم کورٹ کے سینیئر ایڈووکیٹ ہیں تاہم ان کا شمار جنوبی پنجاب کی متحرک سیاسی شخصیات میں ہوتا ہے، کئی دہائیوں پر محیط اپنے سیاسی کریئر میں وہ ہمیشہ پاکستان مسلم لیگ (ن) سے وابستہ رہے ہیں اور (ن) کے ٹکٹ پر 2 مرتبہ سینیٹربھی منتخب ہوئے۔ رفیق رجوانہ مسلم لیگ (ن) ملتان کے جنرل سیکرٹری، سینیئر نائب صدر، مسلم لیگ ن پنجاب سنٹرل ورکنگ کمیٹی کے ممبراوراپنی جماعت کے لائرز ونگ کے نائب صدر بھی رہ چکے ہیں۔