لاہور (نیوزڈیسک ) تحریک انصاف نے این اے 122 کے فیصلے کے بعد کی حکمت عملی مرتب کرنا شروع کردی۔ آزادی کنٹینر کو بھی لاہور منگوا لیا گیا ، فیصلہ حق میں آنے کی صورت میں آزادی کنٹینر لاہور کی سڑکوں پر ہوگا اور عمران خان بھی بھرپور سیاسی سرگرمیاں کریں گے۔ لاہور کے حلقہ این اے 122 بارے میں نادرا کی رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد تحریک انصاف کی قیادت متحرک ہوگئی ہے اور این اے 122 کا فیصلہ حق میں آنے کی صورت میں لاہور میں بھرپور سیاسی سرگرمیوں کی تیاری کی جا رہی ہیں۔ ایک طرف آزادی کنٹینر کی دوبارہ تزئین و آرائش اور صفائی کا فیصلہ کیا گیا ہے تو دوسری طرف تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان لاہور میں فیصلے کے بعد بھرپور سیاسی سرگرمیاں کریں گے ، مختلف مقامات پر ان کے خطاب ہوں گے۔ اس ضمن میں پی ٹی آئی لاہور کی تنظیم ہدایات ملنے کے بعد تیاریوں میں مصروف ہوگئی ہے –