جنوبی کوریا(مانیٹرنگ ڈیسک)سام سنگ کا مستقبل کا لچکدار یا فولڈ ایبل فون اگلے سال کسی وقت متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔ جنوبی کورین کمپنی یہ منفرد ڈیوائس اس لیے بھی جلد مارکیٹ میں لانا چاہتی ہے کیونکہ رواں سال ایس 9 کی فروخت کچھ زیادہ متاثر کن نہیں رہی، جس کی وجہ سے منافع میں بھی کمی آئی ہے۔ اور اگر آپ کو بھی کاغذ جیسے لچکدار فون کا انتظار ہے تو اس کا ایک اور کانسیپٹ ڈیزائن سامنے آگیا ہے۔ یہ نیا سام سنگ فون جسے گلیکسی ایف یا ایکس کا نام دیا جاسکتا ہے، کمپنی کا پہلا فولڈایبل فون بھی ہوگا جو کہ ماضی کے فلپ فونز سے بالکل مختلف ہوگا۔ یہ اینڈرائیڈ پاور اسمارٹ فون ہوگا۔
جس کا ڈسپلے تہہ یا فولڈ ہوجائے گا۔ کمپنی کو توقع ہے کہ بیزل لیس ڈیزائن یقیناً اس وقت صارفین کو پسند آرہے ہیں مگر فولڈ ایبل فون ہر ایک کے دلوں کو چھو لے گا، جس کی اسکرین کسی ٹیبلیٹ جیسی ہوگی مگر فولڈ ہوکر وہ عام فون جیسا ہوجائے گا۔ سام سنگ کی جانب سے برسوں سے اس فون کی تیاری کا ذکر کیا جارہا ہے اور رواں برس اسے آئندہ سال متعارف کرانے کا اعلان بھی ہوچکا ہے۔ ایک ڈچ بلاگ نے گلیکسی ایف کے کانسیپٹ ڈیزائن کو شیئر کیا ہے جو کہ انتہائی متاثر کن نظر آتا ہے۔ ویسے یہ جان لیں کہ سام سنگ کا یہ فون اگلے سال متعارف ہوا بھی تو محدود تعداد میں ہوگا اور اس کی قیمت 2 ہزار ڈالرز تک ہونے کا امکان ہے۔