اسلا م آباد(نیوزڈیسک) ملک کے میدانی علاقوں میں گرمی کی لہر برقرار ہے تاہم محکمہ موسمیات نے آج رات سے بارش کی پیش گوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت بدستور برقرار ہے۔ آج سب سے زیادہ گرمی سیالکوٹ میں پڑی جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے علاوہ بھکر، جھنگ، رحیم یار خان، نوابشاہ اور سکھرمیں 42 ڈگری سینٹی گریڈ، ڈیرہ غازی خان اورساہیوال میں 41، لاہور ،چھور،تربت،حیدر آباد، اور ملتان میں 40،فیصل آباد اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں درجہ حرارت 39، جہلم اور خضدار میں 38 جب کہ کراچی اور مظفر آباد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش برسانے والی ہوا کا کم دباو آج رات سندھ سے ملک میں داخل ہوگا جو آئندہ 3 سے 4 روز تک بتدریج پنجاب، بلوچستان اور خیبر پختوںخوا کے علاوہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش کا سبب بنے گا۔