راولپنڈی (نیوز ڈیسک)محکمہ زراعت نے کپاس کے کاشتکاروں کو آبپاشی کےلئے مقررہ شیڈول پر عملدر آمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سخت گرمی میںکم وقفہ سے کپاس کو ہلکا پانی خصوصاً سخت رقبے والے علاقے میںشام کے وقت پانی لگانے کےلئے ضروری اقدامات کئے جائیں تاکہ کپاس کی فصل کو سوکھنے اور کسی بھی قسم کے نقصان سے بچایا جا سکے۔ترجمان نے کاشتکاروں کو ہدایت کی کہ وہ ڈرل سے قطاروں میں کاشت کی گئی کپاس کےلئے پانی کا وقفہ 12سے 15ایام تک جبکہ پٹڑ یوں پر کپاس کی کاشت کی صورت میں 6سے 9روز تک رکھیں ۔ انہوںنے بتایا کہ محکمہ زراعت کا عملہ کاشتکاروں کو مشاورت کی فراہمی کےلئے ہمہ وقت دستیاب ہے جبکہ کسی بھی قسم کی اطلاعات ، معلومات ، رہنمائی ، مشاورت کےلئے محکمہ زراعت کی فری ہیلپ لائن پر بھی صبح 8سے رات 8بجے تک رابطہ کیا جا سکتا ہے۔