اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پاکستان ریڈی میڈ گارمنٹس مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (پریگما) نے تیار مصنوعات برآمد کرنے والے ٹیکسٹائل کے شعبے کے برآمدی کارخانوں کیلئے ٹیکس کی چھوٹ کا مطالبہ کیا ہے تاکہ ریڈی میڈ گارمنٹس کے شعبے میں نئی سرمایہ کاری کو متوجہ اوراقتصادی بحالی کو یقینی بنایا جا سکے ۔ پریگما کے چیئرمین خالد کھوکھر نے کہا ہے کہ ویلیو ایڈیڈ ٹیکسٹائلز کی صنعت کو ٹیکسٹائل کی دیگر صنعت سے علیحدہ درجہ دیا جائے۔ جس سے روزگار کے زیادہ مواقع پیدا کرنے میں مدد حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ریڈی میڈ کے شعبے کیلئے زیرو ریٹنگ کی پالیسی سے نہ صرف ملک میں تیار کی جانے والی مصنوعات کے برآمدات میں اضافہ ہوگا بلکہ اس سے روز گار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا ہونگے اور ملکی معیشت کی ترقی میں مدد ملے گی۔