اسلام آباد(نیوز ڈیسک) ہائیر روبا اکنامک زون (ایچ آرای زیڈ) کے صدر اور سی ای او شاہ فیصل آفریدی نے کہا ہے کہ اقتصادی زون کی توسیع کیلئے سرمایہ کاری کو 1.5ارب ڈالر تک بڑھانے کی منصوبہ بندی کی ہے ۔اتوار کو اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے منصوبے کے تحت اقتصادی زون کیلئے مزید زمین خریدنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے موٹروے کے قریب 3ہزار تا 3ہزار 5سو ایکڑ زمین مارکیٹ کی قیمت پر خریدی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایچ آر آی زیڈ پاک چین اقتصادی راہداری کا حصہ ہے شاہ فیصل آفریدی نے کہا کہ ہائیر روبا اکنامک زون پاکستان میں چینی سرمایہ کاروں کیلئے داخلی دروازہ ثابت ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہائیر روبا نے پاکستان کے مختلف حصوں میں ریجنل زونز کے قیام کی حکمت عملی بھی مرتب کی ہے جس سے ملک میں چینی سرمایہ کاری کو فروغ حاصل ہوگا اور ملکی اقتصادی ترقی میں نمایاں مدد ملے گی۔