اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)مریم نواز کا میڈیا سیل دانیال عزیز اور طلال چوہدری چلاتے تھے، ہم انہیں سمجھایا کرتے تھے کہ مریم نواز آپ کو کافی نقصان پہنچائیں گی لیکن انہوں نے اس وقت توجہ نہیں دی، حامد میر کی نجی ٹی وی سے گفتگو۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کو آج سپریم کورٹ نے توہین عدالت کیس میں 5سال کیلئے
نا اہل قرار دیدیا ہے ۔ اس حوالے سے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے معروف صحافی حامد میر کا کہنا تھا کہ مریم نواز کے میڈیا سیل نے اعلیٰ عدلیہ کے ججز کے خلاف باقاعدہ مہم چلائی ہوئی تھی ، دانیال عزیز اور طلال چوہدری اس میڈیا سیل کو چلاتے تھے۔ہم انہیں سمجھایا کرتے تھے کہ مریم نواز آپ کو کافی نقصان پہنچائیں گی لیکن انہوں نے اس وقت توجہ نہیں دی۔جن لوگوں نے ان سے یہ کام کروائے ہیں وہ خود تو مشکلات کا شکار ہیں ہی انہیں بھی مشکل میں پھنسایا ہے۔حامد میر نے کہا کہ طلال چوہدری کو ملنے والی سزا کی پہلے ہی توقع کی جارہی تھی، جن الفاظ کی وجہ سے انہیں سزا ملی ہے وہ اتنے سخت نہیں ہیں جو دانیال عزیز نے استعمال کیے تھے۔انہوں نے کہا کہ جب شاہد خاقان عباسی وزیر اعظم بنے تھے تو انہوں نے بتایا تھا کہ انہوں نے اپنی کابینہ کو کہا ہے کہ ایسی کوئی بات نہیں کرنی جو آئین اور حلف کی خلاف ورزی ہو ۔ جب ان کا یہ انٹرویو نشر ہوا تو انہیں بلا کر ان سے پوچھا گیا کہ انہوں نے یہ بات کیوں کی، جس کے بعد شاہد خاقان عباسی نے خود بھی عدلیہ پر تنقید شروع کردی۔حامد میر کا کہنا تھا کہ 1997میں سپریم کورٹ حملے کے بعد کئی لوگوں پر توہین عدالت کی کارروائی شروع کی گئی تھی جو کہ اب ہمیں کہیں نظر نہیں آتے تاہم دانیال عزیز اور طلال چوہدری نوجوان ہیں ، یہ پانچ سال کا عرصہ گزار کر دوبارہ سیاست میں انٹری دے سکتے ہیں۔ حامد میر نے ایک موقع پر کہا کہ طلال چوہدری کو جن الفاظ کی وجہ سے انہیں سزا ملی ہے وہ اتنے سخت نہیں ہیں جو دانیال عزیز نے استعمال کیے تھے۔