ممبئی (شوبز ڈیسک)بالی ووڈ کے ایکشن ہیرو اجے دیوگن اگرچہ زیادہ تر ایکشن فلموں کی وجہ سے ہی شہرت رکھتے ہیں، تاہم گزشتہ چند سال سے وہ کامیڈی فلموں میں بھی خود کو منوا چکے ہیں۔تاہم اجے دیوگن سیاست پر مبنی فلموں میں بھی کردار ادا کرکے اپنی اداکاری کا لوہا منوا چکے ہیں۔لیکن اب پہلی بار جلد ہی وہ ہندوستان کے چوتھی صدی قبل مسیح کے سیاستدان، استاد اور فلاسافر چانکیا کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔ ساتھ ہی ایکشن ہیرو پہلی بار ایک اور آنے والی فلم میں فٹ بال کے کوچ بنتے نظر آئیں گے۔اجے دیوگن نے اپنے ٹوئٹر پر اعلان کیا کہ وہ جلد ہی پلان
سی اسٹوڈیو اور ریلائنس انٹرٹینمنٹ کے بینتر تلے بننے والی فلم میں چوتھی صدی قبل مسیح کے ہندوستانی سیاستدان اور فلاسافر چانکیا کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔انہوں نے بتایا کہ فلم کی ہدایات نیرج پانڈے دیں گے، جنہوں نے اس سے قبل 2008 میں ریلیز ہونے والی فلم’ ‘اے ویڈنسٹڈے‘’ 2013 میں ریلیز ہونے والی ‘اسپیشل 26’ اور 2015 میں ریلیز ہونے والی ‘بے بی’ کی ہدایات دی ہیں۔یہ پہلا موقع ہوگا کہ اجے دیوگن ہدایت کار کے ساتھ کام کریں گے۔فلم کی دیگر کاسٹ میں اور کون شامل ہیں اور فلم کو کب تک ریلیز کیا جائے گا، اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔