اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)اسحاق ڈار نے لندن میں سیاسی پناہ کیلئے درخواست دیدی۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیر خزانہ اور نواز شریف کے سمدھی اسحاق ڈار نے برطانیہ میں سیاسی پناہ کیلئے درخواست دے دی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسحاق ڈار نے برطانیہ سے سیاسی پناہ کیلئے اپنی درخواست میں صحت اور پاکستان میں درپیش مشکلات کو وجہ قرار دیتے ہوئے استدعا کی ہے
کہ انہیں برطانیہ میں سیاسی پناہ دی جائے۔ اسحاق ڈار کی برطانیہ میں سیاسی پناہ کے حوالے سے دفتر خارجہ کے ذرائع نے تصدیق کی ہے۔ ذرائع کے مطابق برطانیہ کی جانب سے فی الوقت ان کی درخواست پر کوئی جواب نہیں آیا البتہ اگر انہیں سیاسی پناہ مل گئی تو عین ممکن ہے کہ وہ وطن واپس نہیں آئیں گے اور ان کے خلاف کیسز طویل عرصہ چلیں گے۔ واضح رہے کہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف نیب میں ریفرنس دائر ہے جبکہ گزشتہ روز چیف جسٹس آف پاکستان نےیم ڈی پی ٹی وی تعیناتی کیس کی سماعت کے دوران اسحاق ڈار کو وطن واپسی کیلئے تین روز کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے انہیں سپریم کورٹ میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔ چیف جسٹس نے اپنے ریمارکس میں کہا تھا کہ اسحاق ڈار عدالت کے بلانے پر نہیں آئے، وہ صحت مند ہیں اور وہاں چلتے پھرتے ہیں، ہم ان کا پاسپورٹ منسوخ کردیں گے اور ریڈ وارنٹ جاری کرنے پر بھی غور کریں گے۔ان کی واپسی کے لیے جو کرنا پڑا کریں گے، وہ سینیٹر ہیں پھر بھی بھاگے ہوئے ہیں اور سپریم کورٹ اتنی بے بس ہوگئی ہے کہ سابق وزیر کو نہیں بلاسکتی۔ خیال رہے کہ اسحاق ڈار اپنی بیماری کی وجہ سے گذشتہ کئی ماہ سے پہلے امریکہ رہے اور اب لندن میں مقیم ہیں۔اسحاق ڈار کے خلاف نیب عدالت میں آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا کیس بھی زیر سماعت ہے جس میں بارہا طلبی کے باوجود اسحاق ڈار پیش نہیں ہوئے تاہم اب انہیں انٹرپول کے ذریعے واپس لانے پر بھی غور جاری ہے۔