نیویارک(نیوز ڈیسک) پاکستانی حکومت نے خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات عوام تک پہنچانے میں سست روی سے کام لیا، عالمی مالیاتی فنڈ کا کہنا ہے تیل کی قیمتوں میں کمی سے پاکستانی معیشت مضبوط ہوگی۔ آئی ایم ایف کی اقتصادی سروے رپورٹ کے مطابق عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں کمی سے پاکستان کو فائدہ پہنچ رہا ہے، خام تیل کی قیمتوں میں کمی پاکستان میں ترسیلات زر اور معاشی ترقی میں معاون ثابت ہوگی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سال دوہزارچودہ کے دوران بجلی کے تعطل کے باعث برآمدات میں کمی اور امن وامان کی مخدوش صورتحال سے معاشی سرگرمیاں متاثر ہوئیں، پاکستان میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات عوام تک پہنچنے میں تاخیر کے سبب پیداواری لاگت میں معمولی کمی ہوئی، تاہم رواں سال پاکستانی معیشت کی شرح افزائش چار فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔