عمان (نیوز ڈیسک)اردن میں پاکستان اور دیگر17 ممالک کی پانچویں مشترکہ فوجی مشقیں شروع ہو گئیں۔امریکی فوج کی نگرانی میں ہونے والی(Eager Lion) یا ’بے چین شیر‘ نامی ان سالانہ مشقوں میں مختلف ممالک کی بری، بحری اورفضائی افواج کے 10ہزار سے زائداہلکار شریک ہیں۔ یہ مشقیں 2 ہفتے جاری رہیں گی۔ مشقوں میں اردن، امریکا، پاکستان، فرانس، اٹلی اورکئی عرب ممالک کی فوجیں شریک ہیں۔ اس دوران اردن کے صحرائی علاقے میں انسداددہشت گردی اور سرحدی سیکیورٹی بہتربنانے کی مشقیں کی جائیں گی۔واضح رہے کہ یہ مشقیں ایک ایسے وقت کی جارہی ہیں جب ایک جانب امریکاکی قیادت میں اتحادی افواج داعش کے خلاف کارروائیوں میں مصروف ہیں اوردوسرا اتحادسعودی سربراہی میں یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف برسرپیکارہے۔ تاہم امریکی فوج کے میجرجنرل رک میٹسن نے صحافیوں کو بتایاکہ ان مشقوں کاخطے کے حالات سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ان کاکہنا تھاکہ جتنازیادہ ہم مل کرکام کریں گے، اتناہی مضبوط ہوں گے۔