اسلام آباد (نیوزڈیسک) ایک مفلوک الحال بوڑھے بے گھر انسان کی اس وقت دنیا ہی بدل گئی جب اسے پتہ لگا کہ ایک بینک اکاﺅنٹ جو وہ کھول کر بھول چکا تھا میں اتنی رقم موجود ہے کہ وہ اپنا گھر لے سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر تامپا کا 62سالہ رہائشی جان ہیلینسکی بے گھر ہوچکا تھا اور سڑکوں اور بینچوں پر سو کر اپنی زندگی گزار رہا تھا۔اس کی دیکھ بھال کرنے والا کوئی بھی نہیں تھا لہذا اس کے لئے یہ زندگی ایک عذاب سے کم نہ تھی۔اس کے اکاﺅنٹ کا اس وقت علم ہوا جب پولیس اور سوشل سیکیورٹی اہلکاروں نے اس کے لئے کسی گھر کے بندوبست کے دوران اس کی آئی ڈی اور برتھ سرٹیفکیٹ دیکھا۔اس دوران انہیں پتہ لگا کہ جان نے کافی عرصہ قبل ’لینڈ مارک بینک‘میں اکاﺅنٹ کھلوایا تھالیکن بعد میں اس بینک کا نام تبدیل کرکے بینک آف امریکہ رکھ دیا گیا جس کی وجہ سے جان کو یاد ہی نہ رہا کہ اس کا کوئی اکاﺅنٹ بھی ہے۔اس دوران وہ یہی سمجھتا رہا کہ وہ قلاش ہوچکا ہے لیکن اس کے اکاﺅنٹ میں سوشل سیکیورٹی کی رقم منتقل ہوتی رہی جو اکٹھی ہوکر اس قدر ہوگئی ہے کہ اب وہ بآسانی اپنا گھر لے سکتا ہے۔ پولیس افسر ڈین میکڈالڈ جس نے جان کی مدد کی کا کہنا ہے کہ اسے بالکل یقین نہیں آیا کہ ایسا ہوسکتا ہے لیکن یہ جان کی خوش قسمتی ہے کہ اسے اس عمر میں کھوئی ہوئی رقم واپس مل گئی۔