اسلام آباد (نیوزڈیسک) داڑھی رکھنا بہت ہی اچھی بات ہے لیکن اس کی دیکھ بھال اور صفائی ستھرائی بھی بہت ضروری ہے۔ امریکی مائیکروبیالوجسٹ جان گولبک کا کہنا ہے کہ صفائی کا مناسب اہتمام نہ کرنے کی صورت میں داڑھی میں عام بیکٹیریا کے علاوہ کچھ ایسے بیکٹیریا بھی جمع ہوجاتے ہیں جو اسے غیر معمولی حد تک آلودگی کا گڑھ بناسکتے ہیں۔
جان گولبک نے داڑھی والے مردوں پر ایک تحقیق کی اور ان کے چہروں سے حاصل کردہ نمونوں پر تجربات کئے۔ ان کا کہنا ہے کہ اکثر میں صفائی نہ ہونے کی وجہ سے متعدد اقسام کے بیکٹیریا پائے گئے اور کچھ میں تو اس قدر خطرناک اور غلیظ بیکٹیریا پائے گئے کہ اگر یہ پانی میں شامل ہوں تو شہر کی واٹر سپلائی کو بند کرکے اس میں جراثیم کش ادویات ڈالنا پڑیں گی۔ وہ کہتے ہیں کہ اکثر ان کی تحقیقات سے انہیں حیرانی نہیں ہوتی لیکن اس تحقیق نے انہیں واقعی حیران کردیا ہے۔ انہوں نے داڑھی والے افراد کو مشورہ دیا ہے کہ وہ باقاعدگی سے اس کی صفائی کا اہتمام کریں اور خصوصاً یہ بات یاد رکھیں کہ آلودہ ہاتھوں کو داڑھی کے بالوں میں مت پھیریں بلکہ اپنے ہاتھوں کو زیادہ سے زیادہ صاف رکھنے کی کوشش کریں۔ اگر آپ کے ہاتھ صاف نہیں ہیں تو اسے چہرے اور خصوصاً داڑھی سے دور رکھیں تاکہ اس کی صفائی، نفاست اور خوبصورتی قائم رہے۔اسی طرح اگر داڑھی کی صفائی کا اہتمام نہیں ہے تو جب تک مکمل صفائی نہ کر لیں ہاتھوں کو اس سے دور رکھنا ہی بہتر ہے۔