اسلام آباد (نیوزڈیسک) شادی کے موقع پر دولہا کے والد کو انتہائی عزت واحترام کا مقام دیا جاتا ہے لیکن چین میں ایک صاحب نے اپنے بیٹے کی شادی کے موقع پر اپنی ذلت و رسوائی کا خوب اہتمام کیا۔
اخبار ”پیپلز ڈیلی“ کے مطابق وسطی چین میں زینگ زو یونیورسٹی کے قریب منعقد ہونے والی شادی کی تقریب میں دولہے کی کار کے آگے اس کا باپ نیم برہنہ حالت میں چل رہا تھا جبکہ اس نے اپنے گلے میں طوق ڈال رکھا تھا اور زنجیروں سے اپنے بیٹے کی کار کو کھینچ رہا تھا۔ دولہے کی والدہ بھی گاڑی کے آگے چل رہی تھی اور دونوں میاں بیوی نے اپنے جسموں پر مختلف قسم کے نقش و نگار بھی بنا رکھے تھے۔ دولہے کے والد نے اپنے جسم پر ایک بچے کی تصویر بنا رکھی تھی اور ساتھ یہ الفاظ بھی لکھے تھے ”مجھے جلد از جلد پوتا چاہیے“۔ افسوسناک حالت میں نظر آنے والے اس شخص اور اس کی بیوی کے برعکس دولہا سفید رنگ کی مرسڈیز کار میں موجود تھا جسے سرخ پھولوں سے سجایا گیا تھا۔ اگرچہ دولہے کے والد کی عجیب و غریب حرکت کی اصل وجہ معلوم نہیں ہوسکی البتہ یہ خیال ظاہر کیا گیا ہے کہ وہ پوتے کے حصول کے لئے کوئی روایتی رسم ادا کررہا تھا۔