پیرس(آئی این پی)جرمن وفاقی وزیرخارجہ ہائیکو ماس نے کہا ہے کہ شامی تنازعے پر مغرب اور عرب ممالک وزرائے خارجہ کانفرنس پیر کو پیرس میں منعقد ہو گی، اجلاس شامی تنازعہ کے پر امن سیاسی حل کی جانب پہلا قدم ہو گا،روس کو بھی اس معاملہ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئیے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابقمغربی اور عرب ممالک کے وزرائے خارجہ شامی تنازعے کے سیاسی حل کے لیے پیرس میں ملاقات کر رہے ہیں۔
جرمن وفاقی وزیر خارجہ ہائیکو ماس کا کہنا ہے کہ برسلز میں شام کے حوالے سے ہوئی ڈونرز کانفرنس کے بعد پیرس کا اجلاس اس مسئلے کے پر امن سیاسی حل کی جانب پہلا قدم ہو گا۔ ہائیکو ماس نے تنازعے کے حل کی عالمی کوششوں میں روس کی زیادہ سے زیادہ شراکت داری پر بھی زور دیا ہے۔ اجلاس میں میزبان ملک فرانس کے علاوہ اسّی ممالک شرکت کر رہے ہیں جن میں امریکا، برطانیہ، سعودی عرب اور اردن بھی شامل ہیں۔