کراچی(نیوز ڈیسک)سندھ پولیس کے سربراہ انسپکٹر جنرل (آئی جی) غلام حیدر جمالی نے کہاکہ راؤ انوار نے دہشت گردی کے خلاف مثالی کام کیا۔گلشن حدید میں ڈی ایس پی فتح محمد کی ٹارگٹ کلنگ کے بعد جائے وقوع کے دورے پر میڈیا سے گفتگو میں غلام حیدر جمالی نے کہا کہ دہشت گرد گروپس کو ختم کرنے میں راؤ انور کا بہت بڑا کردار ہے، راؤ انوار نے سہراب گوٹھ اور ضلع ملیر میں دہشت گردوں کے گروہوں کو ختم کرنے کے لیے کامیاب کارروائیاں کیں۔ آ ئی جی سندھ نے مزید کہا کہ کراچی میں پولیس نے دہشت گردی کے واقعات مکمل طور پر ختم کرنے کی کوشش کی ہے، پولیس نے کئی کامیاب کارروائیاں کیں اور دہشت گرد گروہوں کا خاتمہ کیا جبکہ ان کے رنگ لیڈز کو بھی ختم کیا گیا۔گلشن حدید میں فائرنگ سے ہلاک ہونے والے ڈی ایس پی فتح محمد کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعے میں بہادر افسر کی ہلاکت منظم دہشت گردی کی سازش ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈی ایس پی فتح محمد کو ٹارگٹ کر کے شہید کیا گیا، پولیس افسر کو ریکی کرکے نشانہ بنایا گیا ہے۔آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ ڈی ایس پی فتح محمد پر حملہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں کا ردعمل ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ڈی ایس پی اور پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کی گہرائی سے تحقیقات کر رہے ہیں