لاڑکانہ (این این آئی)لاڑکانہ میں لوک فنکارہ کے قتل کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ جاری کر دی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ میں قتل کی جانے والی لوک فنکارہ ثمینہ سندھو کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ جاری کر دی گئی ہے، رپورٹ میں فنکارہ کو گولی لگنے سے پیٹ میں موجود بچے کی موت کی تصدیق کی گئی ہے۔دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے ثمینہ سندھو کے ورثا کو انصاف دلوانے کا حکم دیتے ہوئے ایس ایس پی لاڑکانہ کو
مقدمے میں دہشتگردی کی دفعات شامل کرنے کا ہدایت کر دی ہے۔اس سے قبل گزشتہ روز لاڑکانہ میں فنکارہ ثمینہ سندھو کو قتل کرنے والے ملزم طارق جتوئی کو عدالت میں پیش کیا گیا تھا جہاں عدالت نے ملزم کو سات روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا تھا۔واضح رہے کہ دس اپریل کو لاڑکانہ میں جونیجو برادری کی شادی کی تقریب کے دوران نشے میں دھت شخص نے لوک فنکارہ ثمینہ سندھو کو گولی مار کر قتل کر دیا تھا، جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی تھیں۔