اسلام آباد(نیوزڈیسک )انتخابات میں مبینہ دھاندلی سے متعلق جوڈیشل کمیشن میں متحدہ قومی موومنٹ ،پاکستان تحریک انصاف، بلوچستان نیشنل پارٹی، پی ایم ایل پی ، مسلم لیگ (ق )اور متحدہ دینی محاذ نے سوالنامے کے جوابات جمع کرادئیے ہیں ۔ الیکشن کمیشن درخواست پر جواب دو دن میں جمع کرائےگا۔ انتخابات میں مبینہ دھاندلی سے متعلق جوڈیشل کمیشن کی سماعت گزشتہ روز اسلام آباد میں ہوئی ،کمیشن کے مطابق سوالنامے کے جواب میں پیپلزمسلم لیگ پاکستان کی جانب سے پیپلزپارٹی پارلیمینٹیرین پرالزامات عائد کیے گئے ہیں ۔ پی پی پرالزامات کاجواب اعتزاز احسن اورلطیف کھوسہ 2دن میں جمع کرائیں گے،جوڈیشل کمیشن نے تحریک انصاف کوگواہوں کی فہرست 2 مئی تک پیش کرنےکی ہدایت کی ۔ تحریک انصاف کی جانب سے گواہان 6 مئی کو کمیشن کے سامنے پیش ہوں گے،،جوڈیشل کمیشن کے مطابق اعتزاز احسن نے کمیشن کو بتایا کہ پیپلز پارٹی کسی قسم کے گواہوں کی فہرست یادستاویز پیش نہیں کرےگی بلکہ پاکستان تحریک انصاف کے شواہد پر انحصار کرےگی۔ پیپلزپارٹی نے متعدد حلقوں میں ڈالے گئے ووٹوں کے تھیلے کھولنے کا مطالبہ کیا جوڈیشل کمیشن نے پیپلزپارٹی کو ان حلقوں کے ناموں کی فہرست جمع کرا نے کی ہدایت کی جنہیں وہ کھلوانا چاہتے ہیں،جوڈیشل کمیشن کی مزید سماعت 5 مئی دوپہر ساڑھے 11 بجے ہوگی