اسلام آباد(نیوز ڈیسک)اسٹیٹ بینک نے ایک ہزار روپے ٹوکن قیمت پر،کے اے ایس بی بینک کو بینک اسلامی میں ضم کرنے کی تجویز پیش کردی۔ اسٹیٹ بینک نے بنکنگ کمپنیز آرڈیننس انیس سو باسٹھ کے سیکشن سینتالیس کے تحت کے اے ایس بی بینک کو بینک اسلامی میں ضم کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔ کے اے ایس بی بینک پرعائد چھ ماہ کی پابندی آئندہ ماہ ختم ہورہی ہے۔ ریگولیٹر سرمایہ کاروں کے تحفظ کیلئے کے اے ایس بی کے بینک اسلامی میں انضمام کیلئے کوشاں ہے۔ بریک اپ ویلیو منفی ہونے کی وجہ سے ایک ہزار روپے معاوضے کی ادائیگی پرکے اے ایس بی کے تمام اثاثے اورواجبات بینک اسلامی کے نام منتقل ہوجائیں گے۔ مرکزی بینک اسکیم ،،منظوری کیلئے وفاقی حکومت کو پیش کرے گا۔ منظوری کے بعد کے اے ایس بی بینک کی ایک سو پانچ شاخیں بینک اسلامی کی دوسو تیرہ شاخوں میں شامل ہوجائیں گی۔ بینک اسلامی کے کل اثاثوں کی مالیت چھ ارب بیس کروڑ روپے ہے۔ بینک اسلامی نے دوہزار چودہ کے اختتام پربعد از ٹیکس اکتیس کروڑ چھتیس لاکھ روپے منافع کمایا۔ جو گزشتہ سال کے مقابلے انہتراعشاریہ تین فیصد زائد ہے۔