اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی جنرل کونسل کا اجلاس (آج) منگل کو کنونشن سنٹر اسلام آباد میں ہوگا۔ مسلم لیگ (ن) سے جاری بیان کے مطابق دوپہر بارہ بجے ہونیوالے اجلاس میں پاکستان کے چاروں صوبوں، اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مرکزی کونسلرحضرات شرکت کرینگے ۔ اعلامئے کے مطابق کونسل کے اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نئے صدر کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔یاد رہے کہ سپریم
کورٹ آف پاکستان نے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کو وزارت عظمی سے نااہل قرار دینے کے بعد پارٹی صدارت سے بھی نا اہل قرار دے دیا تھا اور ان کے بطور پارٹی صدر فیصلوں کو کالعدم قرار تھا۔ بعد ازاں مسلم لیگ (ن) نے سینئر رہنماؤں سے مشاورت کے بعد وزیراعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف کو قائم مقام صدر منتخب کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق مرکزی جنرل کونسل کے اجلاس میں شہباز شریف کو پارٹی صدرمنتخب کئے جانے کا امکان ہے۔