اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاکستان اور امریکا کے توانائی ورکنگ گروپ کا اجلاس کل اسلام آباد میں ہو گا۔ بجلی کی تقسیم کار3 کمپنیز کی نجکاری سمیت متبادل توانائی کے فروغ پر بات کی جائے گی۔وزارت پانی وبجلی کے ذرائع کے مطابق اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت وفاقی وزیر پانی وبجلی خواجہ محمد آصف ووفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی جبکہ امریکی وفد کی سربراہی امریکی خصوصی ایلچی اور عالمی توانائی امور کے کوآرڈی نیٹر آموس جے ہوسٹین کریں گے۔ذرائع کے مطابق ابتدائی مرحلے میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیز آئیسکو ، لیسکو اور فیسکو کی نجکاری کے لیے حکومت پاکستان کے اقدامات کا جائزہ لیا جائےگا۔ اجلاس میں پاکستان میں ونڈ سمیت متبادل توانائی کے منصوبوں کے فروغ کے لیے امریکی معاونت اور شیل گیس پر امریکی اسٹڈی پر بات کی جائے گی۔