اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)امام کعبہ ڈاکٹر صالح بن محمد آل طالب کی وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے ملاقات، دس سال پہلے بھی یہاں آیا تھا، تب سے اب تک یہاں بہت ترقی ہوئی ہے ، آپ نے عوام کی صحیح معنوں میں خدمت کی ہے،امام کعبہ بھی شہباز شریف کے کاموں پر ان کی تعریف کرنے پر مجبور ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق امام کعبہ ڈاکٹر صالح بن محمد آل طالب وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف
کی دعوت پر ان کی رہائش گاہ واقع ماڈل ٹائون پہنچے جہاں شہباز شریف نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ شہباز شریف سے ملاقات کے دوران امام کعبہ نے ان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ میں دس سال پہلے بھی یہاں آیا تھا تب سے اب تک یہاں بہت ترقی ہوئی ہے ، آپ نے صحیح معنوں میں عوام کی خدمت کی ہے جس پر آپ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ شہباز شریف نے امام کعبہ سے ملاقات کے دوران ان کی پاکستان آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میرے لیے باعث فرحت و افتخار ہے کہ میں امام کعبہ کا استقبال کر رہا ہوں، سعودی عرب نے ہر اچھے بُرے وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہےجو کبھی بھلایا نہیں جا سکتا، سعودی عرب کے ولی عہد کی عوام دوست پالیسیوں کا قدر دان ہوں۔پاکستان کے عوام سعودی عرب سے عقیدت رکھتے ہیں اور دونوں ممالک کے تعلقات مفادات سے بالاتر ہیں، امام کعبہ نے اس موقع پر پاک فوج کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کستانی افواج کا خطے میں امن کے قیام میں اہم کردار ہے، جبکہ ہم پاکستانی افواج کو بھی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ واضح رہے کہ امام کعبہ ڈاکٹر صالح بن محمد ابراہیم آل طالب تین روزہ دورہ پر 7مارچ کو پاکستان پہنچے ہیں جہاں انہوں نے گزشتہ روز مرکزی جمعیت اہلحدیث کانفرنس میں خطبہ جمعہ دیا اور نماز جمعہ کی امامت بھی کروائی ہے۔ خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے امام کعبہ کو آج
صبح جاتی امرا میں ناشتے کی دعوت دی تھی جسے مسترد کرتے ہوئے امام کعبہ کا کہنا تھا کہ وہ کسی متنازع شخصیت سے ملاقات نہیں کر سکتے۔